آئی ایم ایف شرائط وفاقی کابینہ نے 170 ارب روپے نئے ٹیکسز لگانے کی منظوری دے دی
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی کابینہ نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے 170 ارب روپے کے نئے ٹیکسز نافذ کرنے اور گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ڈیلی گرین گوادر کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی صورت حال اور آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے کابینہ اراکین کو بریفنگ دی گئی۔وفاقی کابینہ نے 170ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی منظوری دیدی جبکہ کابینہ نے ٹیکس قوانین بلز2023کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے قومی اسمبلی اور سینٹ کا اجلاس 15 فروری بروز بدھ کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے یواین اے کو بتایا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس ایک ایک گھنٹے کے وقفے سے بلائے جائیں گے۔ پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں ٹیکس قوانین ترمیمی بل پیش کر کے فوری منظور کروایا جائے گا۔ قومی اسمبلی اجلاس کے ایک گھنٹہ بعد سینٹ اجلاس میں بھی ٹیکس قوانین بل پیش کر دیاجائے گا۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی جبکہ کابینہ نے کفایت شعاری سے متعلق اقدامات کی بھی منظوری دی جس کے تحت کابینہ اراکین کی تعداد کو کم اور سرکاری اخراجات کو مختصر کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی کے بریک ڈان پر پاور ڈویژن کی رپورٹ پیش کی گئی اور اراکین کو بریفنگ دی گئی۔کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی سے رولز معطل کر کے ٹیکس قوانین ترمیمی بل فوری منظور کرایا جائے گا جبکہ سینٹ میں ٹیکس قوانین ترمیمی بل سفارشات کیلئے پیش کیا جائے گا۔ حکومت اکثریت کے بل بوتے پرسینٹ میں بھی رولز معطل کر کے قرارداد منظور کرائے گی۔ سینٹ سے ٹیکس قوانین ترمیمی بل جیسا ہے کی بنیاد پر منظور ہے کی قرارداد پاس کرائی جائے گی۔ یو این اے کے مطابق اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے معاشی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ہونے والی ملاقات سے بھی کابینہ کوآگاہ کیا کابینہ نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کردی جبکہ سرکلر ڈیٹ منیجمنٹ پلان کی بھی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ اجلاس میں کفایت شعاری مہم کیلئے اقدامات کی منظوری دیدی گئی، حکومت اخراجات کی بچت کیلیے سادگی پسند پروگرام کا آغاز کرے گی۔ سرکاری امور میں سادگی اختیار کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی۔