پرویز الہیٰ سے پرویز خٹک کی ملاقات، پنجاب و خیبر پختونخواہ کے انتخابات پر تبادلہ خیال

لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور پنجاب و خیبر پختونخواہ کے انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چوہدری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کی تاریخ میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، عدلیہ آئین کی بالادستی کے ساتھ کھڑی ہے، کسی کو آئین پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ الیکشن کمشن اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے فوری الیکشن شیڈول جاری کرے، گورنر اور الیکشن کمیشن تاریخ کے معاملے پر فٹ بال کھیلنا بند کریں، قوم سب دیکھ رہی ہے کہ پی ڈی ایم الیکشن سے کس طرح خوفزدہ ہے۔سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ انتخاب کا شیڈول دینا الیکشن کمیشن اور گورنرز کی آئینی ذمہ داری ہے۔پرویز خٹک نے کہا عدالتی فیصلہ آچکا ہے اب انتخاب سے بھاگنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انتقامی کارروائیاں اور مقدمات تحریک انصاف کا راستہ نہیں روک سکتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے