تجارت پر قدغن اور رکاوٹیں حائل کرنے کے عوام دشمن اقدامات قابل افسوس ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

چمن (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ تجارت پر قدغن اور رکاوٹیں حائل کرنے کے عوام دشمن اقدامات قابل افسوس ہے، چمن، قلعہ عبداللہ میں آٹے کی قلت نے غریب عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ ایک جانب مہنگائی، بیروزگاری اور دوسری جانب اشیاء خوراک کی قلت سے غریب عوام فاقوں پر مجبور ہوگئے ہیں۔ حکومت کوئٹہ چمن شاہراہ کو ہر قسم کی سفر کیلئے محفوظ بنائیں اور عوام کے سرومال کی تحفظ اور ضلع چمن، ضلع قلعہ عبداللہ میں چوری، ڈکیتی، بدامنی میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لاکر انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ پشتونخوامیپ میں عوام کی جوق در جوق شمولیت پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور پارٹی پالیسی پر مہر تصدیق ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع قلعہ عبداللہ کے سیکرٹری میروائس خان اچکزئی، سینئر معاون سیکرٹری اکبر خان کاکڑ،منان خان اچکزئی، عبدالباری خان، اللہ محمد خان، عباس علی، عبدالرزاق ہمزولئی نے پارٹی کے توخائی کاریزعلاقائی یونٹ کے کانفرنس، سپینہ تژہ زرنسکہ کاریز علاقائی کانفرنس،بالا ارمبی علاقائی کانفرنس سے الگ الگ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ توخائی کاریز علاقائی یونٹ میں 13ابتدائی یونٹوں، سپینہ تژہ زرنسکہ کاریز علاقائی یونٹ میں 6ابتدائی یونٹوں اور بالا ارمبی میں 25نئے ابتدائی یونٹوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔اس موقع پر توخائی علاقائی یونٹ کے سیکرٹری فتح محمد، سینئر معاون سیکرٹری عبدالعلی خان اور دیگر 13اراکین معاونین منتخب ہوئے جن سے منان خان اچکزئی نے حلف لیا۔ سپینہ تژہ زرنسکہ کاریز کے علاقائی سیکرٹری نور علی خان، سینئر معاون سیکرٹری حمید اللہ اور دیگر 9اراکین معاونین منتخب ہوئے جن سے منیر خان اچکزئی نے حلف لیا۔ بالا ارمبی علاقائی سیکرٹری عبدالرزاق ہمزولئی، سینئر معاون سیکرٹری مولوی ابراہیم خان منتخب ہوئے۔ جبکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع چمن کے زیر اہتمام بغرہ پشتونستان سے مربوط محمود نورزئی کی رہائش گاہ پر شمولیت کا اجتماع منعقدہوا۔ جس میں میر علیزئی قبیلے کے 60جوانوں نے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پشتونخواملی عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے 4ابتدائی یونٹوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ شہید صالح محمد یونٹ کے سیکرٹری دوست محمد، سینئر معاون سیکرٹری عمر خان ودیگر معاونین منتخب ہوئے، غازی امان اللہ خان یونٹ کے سیکرٹری عنایت اللہ، سینئر معاون سیکرٹری نور محمد ودیگر اراکین معاونین منتخب ہوئے، پشتون افغان یونٹ کے سیکرٹری جمعہ گل، سینئر معاون سیکرٹری حبیب اللہ ودیگر اراکین معاونین منتخب ہوئے، شہید عبدالجبار قہرمان یونٹ کے سیکرٹری بخت محمد، سینئر معاون سیکرٹری حیات اللہ ودیگر اراکین معاونین منتخب ہوئے۔ منتخب ایگزیکٹوز سے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری شیر علی خان اچکزئی نے حلف لیا۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے نئے شامل ہونیوالوں کو مبارکباد پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی پروگرام کو گھر گھر تک پہنچاکر ہمارے عوام کو پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صفوں میں شامل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چمن، ضلع قلعہ عبداللہ میں عوام کو ہر شعبہ زندگی میں مشکلات درپیش ہے جس کی ذمہ داری موجود ہ نااہل صوبائی حکومت ہے، جس کے عوام دشمن اقدامات کے باعث غریب عوام نہ صرف دو وقت کی روٹی کیلئے مشکلات سے دوچار ہیں بلکہ تجارت،روزگار کے مواقع بند کرنے کے باعث انہیں مسافرانہ زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج چمن، قلعہ عبدالہ میں غریب عوام کو آٹے کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن حکومت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے غیر سنجیدہ ہے۔ آئے روز تجارتی پوائنٹس کی بندش، احتجاجوں کے باعث غریب مزدوروں کے گھروں کے چولہے بند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے منتخب ایگزیکٹوز پر زور دیا کہ وہ پارٹی صفوں میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے