ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے تنظیمی اصولوں کو مقدم رکھنا ہوگا ، عیسی روشان
پشین (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسی روشان، مرکزی سیکرٹری مالیات یوسف خان کاکڑ، صوبائی صدر ایم پی اے نصراللہ خان زیرے اور دیگر نے کہا ہے کہ ماضی میں کارکنوں کی اہمیت سے انکار، ذاتی خواہشات اور مفادات کی بنیاد پر فیصلہ سازی اور پارٹی کے اداروں کو نظرانداز کرنے اور اجتماعی شعور سے استفادہ نہ کرنے والی پارٹیاں اور تنظیمیں ہمیشہ نقصان اٹھاتے ہیں ہم نے ان تمام غلطیوں سے اجتناب کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع پشین سے مربوط ملکیارعلاقائی یونٹ کے زیراہتمام خلیل خان ترین کی رھاشگاہ پرتین نئے ابتدائی یونٹوں کے قیام اور تینوں ابتدائی یونٹوں کے جنرل باڈیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسی روشان نے کی جس میں پارٹی کے ضلع معاون پیر شمس اللہ، ڈاکٹر حیات اللہ اور سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نومنتخب عہدیداروں سے پارٹی کے صوبای صدر نصراللہ خان زیرے نے حلف لیا۔ مقررین نے کامیاب پارٹی کانفرنسوں اور نومنتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ابتدائی یونٹ اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور پارٹی کارکنوں کوپارٹی میں ریڑہ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے مگر افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ماضی میں اس مسلمہ اصول سے انحراف کیا گیا۔ پارٹی کے فیصلوں میں اجتماعی شعور سے استفادہ حاصل کرنے کی بجائے ذاتی خواہشات اور مفادات کو اہمیت دی گئی جسکی وجہ سے ہمیں سخت سیاسی نقصان اٹھانا پڑا۔ مقررین نے کہا کہ ہم نے ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہر حالت میں تنظیمی اصولوں کو مقدم رکھنا ہوگا اور آپنے کارکنوں کو اہمیت اور انکے رائے کا احترام کرنا ہوگا اور ایک سیاسی کارکن کے طور پر ہر وقت اور ہر مقام پر اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے حق پر مبنی پروگرام کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ پارٹی کارکن سرگرمی کے ساتھ عوامی رابطہ مہم کے ذریعے عوام کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے اور موجودہ اور مستقبل قریب میں آنے والے مشکل حالات سے آگاہ کریں تاکہ غربت کے مارے عوام کو مزید تنگدستی اور لاچاری کے دلدل میں ڈوبنے سے بچا سکے۔