ڈھائی سال عمران خان نے صرف بدعنوانی کی سر پرستی کی، شازیہ مری
کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطا مری کا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جاری کردہ نئی رپورٹ سے متعلق کہنا ہے کہ ثابت ہوگیا ڈھائی سال وزیر اعظم عمران خان نے صرف بدعنوانی کی سر پرستی کی ہے۔
شازیہ مری نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی رپورٹ پر عمران خان اقتدار میں رہنے کا اخلاقاً جواز کھو چکے ہیں، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے ترانے پڑھنے والے آج اس رپورٹ پر لب کشائی کیوں نہیں کر رہے۔
شازیہ مری نے کہا ہے کہ ماضی میں عمران خان ٹرانسپیرنسی کی رپورٹیں لہرا کر حکومتوں کو گھر جانے کا کہا کرتے تھے، 2018ء تک عمران خان ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل رپورٹ پر واویلا کرتے نہیں تھکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیازی سرکار کے دور میں ملک کا عالمی سطح پر بدعنوانی کا نمبر 117 سے 124 پر آ گیا ہے، نیب نے ڈھائی سال سے جاری وفاقی حکومت کی بدعنوانی پر کتنے ریفرنس بنائے ؟
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کی رپورٹ سے واضح ہے کہ عمران خان اور کرپشن کا گھٹ جوڑ ہے، ڈھائی سال میں بدعنوانی تاریخی سطح پر پہنچ گئی، بدعنوان وفاق حکومت نے غریب کی چینی میں بھی کرپشن کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بدعنوان وفاقی حکومت ملک کی گندم بھی کھا گئی، نیازی سرکار کے دور میں بدعنوانی انڈیکس میں بھی پاکستان کو صرف بدنامی کا سامنا ہے۔