کارسرکار میں مداخلت کا کیس،عمران خان کو اے ٹی سی میں طلبی کے سمن جاری
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو طلبی کا سمن جاری کردیا۔اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان اور پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان زخمی ہیں جس کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔عمران خان کے وکیل نے طبی بنیادوں پر اپنے مؤکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی کی جس پر عدالت نے کہا کہ عمران خان کی زمان پارک سے ایک ویڈیو جاری ہوئی جس میں وہ پیدل چلتے نظر آئے۔
عدالت نے بابر اعوان سے مکالمہ کیا کہ آپ عمران خان کی مستقل ضمانت پر دلائل دیں، وہ 15 فروری کو آئیں یا نہ آئیں ہم ضمانت پر فیصلہ دے دیں گے۔عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 15 فروری کو طلبی کے سمن جاری کردی۔عدالت نے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کی اور عمران خان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔