لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 12 دہشت گر ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس اطلاعات پرآپریشن 7 اور 8 فروری کی درمیانی شب کیا گیا۔ آپریشن کے نتیجے میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گرد ایک گاڑی پرفرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، منصوبہ بندی کےتحت دہشت گردوں کو فرارہونے کے لئے ایک گاڑی فراہم کی گئی، دہشت گردوں کی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور افغان کرنسی برآمد ہوئی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن کر رہی ہیں۔ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا، دہشت گردوں نے دسمبر 2022 میں 6 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔پولیس کے مطابق ہتھالہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، 20 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔کوئیک رسپانس فورس کے پہنچنے پر حملہ آور فرار ہو گئے تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔