سابق صدرپرویز مشرف کا جسد خاکی لے کر آنیوالا طیارہ کراچی پہنچ گیا

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ پولو گراؤنڈ ملیر کینٹ اور تدفین اولڈ آرمی قبرستان کراچی میں کی جائے گی، دبئی سے جسد خاکی لے کر طیارہ کراچی پہنچ گیا۔گزشتہ روز سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف طویل علالت کے بعد دبئی میں انتقال کرگئے تھے، ان کا جسد خاکی خصوصی طیارے کے ذریعے آج دبئی سے کراچی لایا جائے گا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی میت متحدہ عرب امارات سے پاکستان روانگی میں 2 بار تاخیر کے بعد طیارہ جسد خاکی لے کر کراچی پہنچ گیا۔ ان کی بیوہ صہبا مشرف، بیٹا اور بیٹی بھی میت کے ہمراہ میت کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں۔سابق صدرپرویز مشرف کے خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی نماز جنازہ کل 7 فروری کو گل مہرملیر کینٹ پولو گراؤنڈ میں ایک بج کر 45 منٹ پر ادا کی جائے گی، جس کے بعد پرویزمشرف کی تدفین کراچی کے فوجی قبرستان میں کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اولڈ فوجی قبرستان میں پرویز مشرف کی قبر تیار کرلی گئی ہے، اور قبرستان کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، رینجرز نے قبرستان کی سیکیورٹی انتظامات سنبھال لیے ہیں۔واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف 18 مارچ، 2016 سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں علاج کی غرض سے مقیم تھے، وہ دبئی میں امریکی اسپتال میں زیر علاج تھے اور 5 فروری کو انتقال کرگئے، ان کی عمر 79 برس تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے