بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال میں بہتری کے لئے 4,578,96 ڈالر مالیت کا پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا،ڈونلڈ بلوم
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسدادِ منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی)نے امریکی سفارتخانے کے مالی تعاون سے بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال میں بہتری کے لئے 4,578,96 ڈالر مالیت کا پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ پانچ سالہ پروگرام کا آغاز فروری 2017 میں کیا گیا اور دسمبر 2022 میں پایہ تکمیل کو پہنچا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، بلوچستان اور یو این او ڈی سی کی اس چھ سالہ مشترکہ کاوش کی کامیاب تکمیل ہم سب کے لئے باعث اطمینان ہے۔ 2017 میں امریکہ اس پراجیکٹ کے لئے مالی تعاون فراہم کرنے والا واحد ملک تھا جس نے بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال میں بہتری کے اس پروگرام کے لئے 4.5 ملین ڈالر کی خطیر رقم فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 75 سال کے دوران امریکہ پاکستان میں نفاذِ قانون کی سویلین استعداد کو مستحکم بنانے اور پاکستانی شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ایک ارب ڈالر سے زائد سرمایہ فراہم کر چکا ہے۔ اس سلسلے میں 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد پاکستانی پولیس افسران کو تربیت دی گئی، اور ان تربیتی کورسز میں جرائم پر جوابی اقدامات، ان کی تحقیقات اور شواہد سے متعلق امور کے بین الاقوامی معیارات کو شامل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ نے پاک افغان سرحد کے ساتھ 230 سے زائد سرحدی چوکیوں کی تعمیر میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سرگرمیوں کو بہتر بنانے اور جرائم کے خلاف مصروف عمل افسران کو محفوظ رکھنے کے لئے بلٹ پروف جیکٹ، ہیلمٹ اور گاڑیوں کی خریداری کے لئے 20 ملین ڈالر سے زائد کی رقوم فراہم کی گئیں۔ امریکی سفیر نے حالیہ سیلاب کے سلسلے میں فراہم کی گئی امریکی امداد پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ تاحال ہم سیلاب کے جوابی اقدامات، آفات کے مقابلے کی صلاحیت، اور غذائی تحفظ میں معاونت کے سلسلے میں 200 ملین ڈالر سے زائد کی فراہمی کے وعدے کر چکے ہیں۔ امریکہ کی طرف سے فراہم کی گئی معاونت میں فوری ضرورت کے مطابق کھانے پینے کی اشیا، صاف پانی، سینی ٹیشن اور حفظانِ صحت کی سہولیات میں بہتری، مالی امداد اور رہائشی سہولیات کے سلسلے میں امداد شامل ہے۔ اس میں بلوچستان پولیس کے ساتھ مل کر کی گئی سرگرمیاں بھی شامل ہیں جن کے تحت سیلاب سے تباہ ہونے والے پولیس سٹیشنوں کی سرگرمیوں کو بحال کیا گیا اور کوئٹہ میں بلوچستان پولیس ٹریننگ کالج کے حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کے لئے نئی دیوار کی تعمیر اور نکاسی آب کے نظام کی فراہمی پر بھی کام کیا گیا۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم وہی کچھ کر رہے ہیں جو مشکل وقت میں دوست اور پارٹنر ایک دوسرے کی مدد کے لئے کرتے ہیں۔ پاکستان میں یو این او ڈی سی کنٹری آفس کے کنٹری ریپریزنٹیٹو جیریمی ملسم نے بلوچستان میں نظام انصاف کے اداروں کی اصلاح اور استحکام کے لئے بلوچستان حکومت کے اشتراک عمل کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی این ایل کے مالی تعاون سے یو این او ڈی سی کی جانب سے بلوچستان پولیس کی کرائم برانچ کو 10 موبائل کرائم سین یونٹس، 2,250 فرسٹ رسپانڈرز اور 250 کرائم سین کٹس فراہم کی گئیں اور بلوچستان کی فورانزک سائنس لیب کی رینوویشن بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں، شواہد کی ترسیل کے لئے چار فورانزک کلیکشن یونٹ بھی قائم کئے گئے۔ رول آف لا اینڈ انٹی کرپشن پروگرام، یو این او ڈی سی کی محترمہ جوہیدا ہانانو نے پروگرام کی کامیابیوں کے بارے میں اپنی پریزنٹیشن کے دوران ان تفصیلات کے ساتھ ساتھ دیگر معلومات سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس ٹریننگ برانچ کو استعداد میں بہتری کے لئے ضروریات کے تجزیہ کی تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سپیشلائزڈ ماڈیول تیار کئے گئے اور 5517 افسران اور اہلکاروں کو پولیس سرگرمیوں کے مختلف امور پر تربیت دی گئی۔ اسی طرح ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ بہتر بنانے کے لئے بلوچستان پولیس نے یو این او ڈی سی کے ساتھ مل کر ایک کمیونٹی پولیسنگ پالیسی اینڈ پلان تیار کیا جس کا مقصد شہریوں کے اعتماد، پولیس کے جوابی اقدامات اور بالخصوص کمزر طبقات کے خلاف ہونے والے جرائم کی روک تھام اور انسداد میں باہمی احتساب کے رجحان میں بہتری لانا ہے۔