آئندہ انتخابات پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے لڑینگے،میر عمرخان جمالی

ڈیرہ اللہ یار(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلی بلوچستان کے مشیر برائے توانائی و پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی میر عمر خان جمالی نے کہا کہ آئندہ انتخابات پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے لڑینگے، انکے متعلق کسی دوسری جماعت میں شمولیت کی باتیں افواہ ہیں، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما رابطے کرکے ملاقاتیں کرنے آ رہے ہیں، بات چیت کے لیے دروازے بند نہیں، بلوچ اور بلوچی روایات کے پابند لوگ ہیں، گھر آئے مہمانوں کی خاطرداری کرنا ہمارے آباو اجداد کی روایت ہے تاہم اپنے بہتر مستقبل کے لیے فیصلے خود کرینگے یا اکابرین کا جو فیصلہ ہوگا وہی ہمارا فیصلہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز روجھان جمالی میں میڈیا نمائندگان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا، انکا کہنا تھا کہ انکے متعلق دوسری کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کی باتیں پھیلانے والے سب سے پہلے خود اپنی جماعت چھوڑ چکے ہیں، میر عمر خان جمالی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے پنجاب اور خیبر پختونخواہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران خان نے پنجاب اور کے پی کے اسمبلیاں تحلیل کرکے اچھا اقدام اٹھایا، پی ڈی ایم جو نعرہ لگا کر حکومت میں آئی ان میں کسی پر عمل نہیں ہو رہا، ملک میں مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ہے، عوام کی قوت خرید جواب دے چکی، ملک معاشی و سیاسی بحران کے دلدل میں دھنس چکا ہے، عالمی مالیاتی ادارہ اور دوست ممالک تعاون کے لیے تیار نہیں ہیں، ایسے حالات میں الیکشن نہ کروانے سے مسائل مزید بڑھ جائیں گے، رواں سال جنرل الیکشن کا سال ہے، حکومت وقت پر شفاف انتخابات کروائے، انکا مزید کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے بلوچستان میں بڑی تباہی ہوئی، اب بھی لاکھوں افراد بحالی کے منتظر ہیں، وفاق سیلاب متاثرین کی بحالی میں تعاون کرے تو سیلاب متاثرین کو دوبارہ انکے گھروں میں آباد کیا جاسکتا ہے تاہم وفاق گیس رائلٹی کی مد میں بلوچستان کے واجبات تک ادا نہیں کر رہا، صوبے کے مالی بحران کے خاتمے کے لیے وفاق فوری طور پر واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائے، بلوچستان میں گندم کے بحران کے خاتمے میں جیکب آباد پولیس اور محکمہ خوراک سندھ رکاوٹ ہیں، تاجروں کی خریدی گندم سندھ کے پانچ اضلاع سے ہوتی ہوئی جیکب آباد پہنچتی ہے تو ٹرک روک دیئے جاتے ہیں اور بھاری رقم وصول کرکے ٹرک بلوچستان میں داخل ہونے دیئے جاتے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے