ریکوڈک بلوچستان میں بڑی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع لائے گا ،ترجما ن حکومت بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا ہے کہ ریکوڈک بلوچستان میں بڑی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع لائے گا ریکوڈک کے خلاف کوئی پروپیگنڈہ برداشت نہیں کیا جائے گا،ریکوڈک پراجیکٹ حکومت بلوچستان اور بیرک گولڈ کا مشترکہ اور ایک تاریخی معاہدہ ہے منصوبے سے بلوچستان کو خاص طور پر اور پاکستان کو بالعموم متعدد محاذوں پر فائدہ ہوگااس معاہدے سے پاکستان میں 8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی مقامی لوگوں کے لیے 8 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اس منصوبے سے مقامی لوگوں کے لئے سماجی و اقتصادی ترقی اور شراکت داری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ریکوڈک ڈیل کو قانونی طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان سے تحفظ حاصل ہے،منصوبے پر ریاستی اداروں اور سیاسی قوتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا اتفاق ہے۔ترجمان نے کہاکہ یہ منصوبہ بلوچستان اور پاکستان کا معاشی مستقبل ہے منصوبے کے خلاف کسی قسم کا پروپیگنڈہ برداشت نہیں کیا جائے گا،ریکوڈک منصوبہ پاکستان میں کامیابی سے ہمکنار رہتے ہوئے جاری رہے گا۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کے محب وطن بلوچ، پشتون عوام امن پسند ہیں بلوچستان کے عوام ایسے منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہیں جن کا مقصد سب کا اجتماعی فائدہ ہو۔ترجمان نے کہا کہ ریکوڈک معاہدے کے خلاف بھارتی میڈیا پر کیے جانے والے پروپیگنڈے کی بھی مذمت کرتے ہیں اندرونی اور بیرونی ملک دشمن قوتیں پاکستان کو ترقی کی منزل پر گامزن نہیں دیکھنا چاہتی یہ منصوبہ نہ صرف بہتر انداز سے جاری رہے گا بلکہ مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کا باعث بھی بنے گا۔