مچھ کے علاقے میں مسافر ٹرین کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنانا قابل مزمت ہے،ثوبیہ کرن کبزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی رہنما وسابق صوبائی وزیر ثوبیہ کرن کبزئی اور سیاسی رہنما صلاح الدین کبزئی نے مچھ کے علاقے میں مسافر ٹرین کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی بے گناہ معصوم شہریوں کو نشانہ بناکر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جنہیں اس میں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا،ریلوے پولیس اورانتظامیہ نے ٹرین پر دھماکے کے بعد بروقت امدادی کارروائیاں کرکے سینکڑوں زندگیاں بچائیں۔یہاں جاری ہونے والے اپنے الگ الگ بیان میں انہوں نے کہا کہ مچھ کے علاقے میں نامعلوم دہشت گردوں نے اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی اوراپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے مسافر ٹرین کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جس سے متعدد افرادزخمی ہوگئے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کسی بھی طرح ملک اورقوم کے خیر خواہ نہیں ہے وہ اپنے مفادات کے لئے دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں پاک فوج اوردیگر سیکورٹی ادارے جلد ان دہشت گردوں کوانکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے مسافر ٹرین پرریموٹ کنٹرول بم حملے کے بعد ریلوے پولیس،ریلوے اہلکاروں اور ڈی ایس ریلوے بلوچستان نے موقع پرپہنچ کر فوری طورپرامدادی کارروائیاں کرکے سینکڑوں مسافروں کی جان کو بچایا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے امدادی کاروائیوں کرکے مسافروں کی جانیں بچانے والے ریلوے پولیس اورریلوے عملے کی حوصلہ افزائی کریں۔