مچھ،پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس ٹرین پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ، زخمیوں کی تعداد 17 ہوگئی
سبی(ڈیلی گرین گوادر)مچھ میں پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ 17افراد زخمی، ٹرین کا انجن اور 7بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں،ٹریک کا 10فٹ حصہ تباہ،ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔لیویز حکام کے مطابق جمعہ کو دوپہرساڑھے 12بجے بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں پنیر کے مقام پر ریلوے ٹریک پر ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکہ ہواجس کی زد میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر خان جمالی ایکسپریس ٹرین کی 7بوگیاں اور انجن ٹریک سے اتر گئے جن میں سے پانچ بوگیاں الٹنے سے 17مسافر زخمی ساول خان، عبدالباری، حمعہ گل، ممتاز بی بی، غلام سرور، سلمان جعفری، آمنہ،حنا، شکیلہ، ہیڈکانسٹیبل غلام رسول، افشاں، احسان الحق، جہانزیب خان و دیگر زخمی ہوگئے جن میں سے 4افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں سی ایم ایچ سبی منتقل کردیا گیا ہے۔۔حکام کے مطابق دھماکے سے ٹرین کی بوگی نمبر 5،6،7،8،9،10اور 11 دھماکے سے متاثر ہوئیں۔لیویز حکام کے مطابق دھماکے بعد جائے وقوعہ پر 5سے 6فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا ہے جبکہ ٹریک کا 10فٹ حصہ دھماکے سے تباہ ہوگیا ہے جس کے بعد ٹرینوں میں آمد و رفت معطل ہوگئی۔ انتظامیہ نے پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کو سبی اسٹیشن پر روک دیا گیا اور مسافروں کو ویگن کے ذریعے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کر لئے جبکہ دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کو متبادل ذرائع سے سبی منتقل کرنے کے انتظامات شروع کردئیے۔مزید کاروائی جاری ہے