پنجگور کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت قابل مذمت ہے،ثوبیہ کرن کبزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر ثوبیہ کرن کبزئی نے پنجگور کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی حدود سے پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے اورآئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنائے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ثوبیہ کرن کبزئی نے کہا کہ پنجگور کے علاقے میں گشت پر مامورسیکورٹی اہلکاروں پر ایران سے دہشت گردوں کے حملے میں 4سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سرحدوں کا دفاع کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج،ایف سی اوردیگرسیکورٹی اداروں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیکر دہشت گردوں کا صفایا کردیا ہے اوربچے کچھے دہشتگردوں کا بھی جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اورعملی اقدامات اٹھائے۔انہوں نے دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندی کی دعا کی۔