گیس لیکج دھماکے کی ذمہ دار سوئی گیس کمپنی ہے انکے خلاف ایف آئی آر ہونی چاہیے، روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے مسلم اتحاد کالونی میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے پانچ بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس پریشر کی کمی اور لیکیج کے باعث ھونے والے حادثات کی ذمہ داری براہ راست سوئی سدرن گیس کمپنی کے جی ایم اور متعلقہ حکام پر عائد ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس حکام کی نااہلی کے باعث گیس کی عدم فراہمی اور کم پریشر میں ناکامی کی وجہ سے ایک طرف ہر علاقے میں عوام اس شدید سردی میں سراپا احتجاج بنے ھوئے ہیں دوسری طرف کمپنی کے ذمہ داروں کی عدم توجہ کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہیں کہ کمپنی کی عدم توجہ کی وجہ سے گیس لیکیج سے ہونے والے 6 معصوم افراد کی ہلاکت حادثہ نہیں قتل ہے اور ان افراد کے قتل کی ایف آئی آر سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی اور دیگر ذمہ دار حکام کے خلاف درج ہونی چاہیے۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی جاں بحق ھونے والوں کی مغفرت اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔