بلوچستان میں لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافہ ایک شاندار کامیابی ہے، زاہد سلیم
خضدار(ڈیلی گرین گوادر) ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے کہا ہے کہ صوبے میں قیام امن کے لئے ہماری سیکیورٹی فورسز نے بہا قربانیاں دی ہیں. بلوچستان میں لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافہ ایک شاندار کامیابی ہے. فورس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے لیویز فورس دیگر سیکورٹی فورسز کے ہمراہ شانہ بشانہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اپنی فورسز کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار میں لیویز کی 16 سولوین پاسنگ آؤٹ پریڈ کی منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران شہداء لیویز کی بہادری اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کی گئی۔۔لیویز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے پر انہیں خراج تحسین اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قیام امن میں لیویز فورس نے قابل فخر کردار ادا کیا ہے. لیویز فورس کو جدید گاڑیاں، اسلحہ اور ضروری سامان فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے. نظام کی بہتری کے لئے صوبے بھر کے تمام اضلاع میں خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آج کی آپ کی یہ کارکردگی اس امر کی عکاس ہے کہ آپ صوبے کی دیگر سیکیورٹی اداروں سے کسی طرح بھی کم نہیں آپ کی یہ کارکردگی لیویز فورس کے لئے باعث افتخار ہے. انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کو مزید مستحکم بنانے کے لئے انسداد دہشتگردی ونگ، کوئیک رسپونس فورس، سی پیک ونگ اور آئی ٹی ونگ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے. یہ وہ تمام ضروری چیزیں ہیں جو ایک فورس کو مضبوط، مستحکم اور موثر بناتی ہیں.انہوں نے کہا کہ کسی بھی فورس کے لئے جدید تربیت بنیادی ضرورت ہے. تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس خوش نصیب ہیں کہ انہیں آج سے ملک کی سلامتی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ یہ فورس بلوچستان میں پچھلے سو سال سے امن وامان کے قیام کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے. انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لیویز فورس کے پاس آؤٹ ہونے والے جوان اپنے حلف کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے بلوچستان کے چپے چپے کی حفاظت اور عوام کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے پاسنگ آؤٹ تقریب سے ڈی جی لیویز فورس بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ امن وامان کی بحالی کیلئے لیویز فورس کی قربانیاں کسی تعارف کی محتاج نہیں ہنگامی حالات سے فوری نمٹنے اور کیو آر ایف سمیت لیویز کی رسپانس ریٹ کو مزید بہتر بنانے کیلئے مشقیں جاری رکھی جائیں گی، ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس نصیب اللہ کاکڑ* نے کہا کہ جوانوں کی فزیکل فٹنس، سنیپ چیکنگ اور ویپن ہینڈلنگ اپنی مثال آپ ہے۔ لیویز کے جوان بہترین تربیت حاصل کرکے پاس آوٹ ہورہے ہیں پاس آوٹ ہونیوالے لیویز کے جوان نہ صرف لیویز فورس بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کریں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان لیویز فورس کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تربیتی کورس کا حصہ بنایا گیا لیویز کو انفارمیشن ٹیکنالوجی،قانون،دہشتگردی سے نمٹنے اور امن وامان برقرار رکھنے سمیت اخلاقی اقدار کے بارے میں بھی خصوصی تربیت دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ امن وامان کی بحالی سمیت قدرتی آفات اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے لیویز فورس کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنیوالے جوانوں کو مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ لیویز کے جوان دوران ڈیوٹی اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے ادا کریں گے اور لیویز کا مثبت تاثر قائم رکھتے ہوئے عوام اور لیویز کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم رکھیں گے اس سے قبل ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے لیویز پاسنگ آؤٹ پریڈکا معائنہ کیا اور اس موقع پر انہیں لیویز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔ تقریب کے آخر میں کمانڈنٹ لیویز ٹریننگ سینٹر کرنل انور نے لیویز ٹریننگ سینٹر کو درپیش مسائل سے متعلق سپاسنامہ بھی پیش کیا جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے کہا کہ لیویز ٹریننگ سینٹر خضدار کو مثالی سینٹر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔