حکومت اور اسمبلیاں عوام کی نمائندہ ہیں کسی کی ذاتی میراث نہیں جو جب چاہے انہیں ختم کردے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت اور اسمبلیاں عوام کی نمائندہ ہیں کسی کی ذاتی میراث نہیں جو جب چاہے انہیں ختم کردے جب تک ہوں ایک بھی سکینڈ ضائع کئے بغیر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے،بلوچستان میں مالی بحران نہیں البتہ وفاق نے صوبے کے واجبات ادا نہیں کئے،وزیر اعظم نے صوبے کے این ایف سی واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے،صوبائی حکومت نوجوانوں کے لئے کھیلوں، تعلیم کے مواقع فراہم کریگی۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے تحت قائم کی جانے والی اکیڈمی کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صوبائی وزراء عبدالخالق ہزارہ، مبین خلجی، رکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تعلیم، کھیل اور صحت انتہائی اہمیت کے حامل شعبے ہیں جب شاہد آفریدی نے اکیڈمی کے قیام کی بات کی تو فوری طور پر اس کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کھیلوں سے لگاؤ رکھتے ہیں ہم نوجوانوں کو کھیلوں، صحت، تعلیم سمیت ہر شعبے میں وسائل استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاست دان زبان کے پکے ہوتے ہیں بعض لوگ زبان سے رو گردانی کرتے ہیں اگر سیاستدان سچے نہ ہوتے تو وہ ان سیٹوں پر نہیں آتے سیاست اہم شعبہ ہے اس سے عوام کو مستقبل وابستہ ہے ہم نیک کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نجی شعبے کے ساتھ ملکر نوجوانوں کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھاتی رہے گی، کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی کا قیام خوش آئند ہے اسے ہر قسم کی معاونت دیں گے صوبائی حکومت اکیڈمی کے لئے 200ملین روپے کی گرانٹ دے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان آدھا پاکستان ہے یہاں آبادی نہ ہونے کے برابر ہے این ایف سی ایوارڈ سے ملنے والے پیسوں سے صوبے کی ترقی مشکل ہے ہم وفاق سے کہتے ہیں کہ بلوچستان پر باتوں کی حد تک نہیں بلکہ عملی کاموں کو کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں مالی بحران نہیں ہے لیکن صوبے کے این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے پیسے وفاق سے نہیں مل رہے ہیں،پہلے صوبے میں فاسٹ ٹریک پر کام نہیں ہوتے تھے اب صوبے میں تیز رفتار کام ہورہے ہیں وفاقی حکومت نے اب تک جو پیسے دئیے ہیں ہم اس سے بہت زیادہ آگے جارہے ہیں ہمیں ہمارا تحفظ شدھ حصہ نہیں مل رہا،وزیراعظم نے یقین دہانی کروا دی ہے کہ صوبے کو اسکے بقایاجات ملیں گے۔وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومتوں کا پتہ نہیں چلتا کہ وہ کب تک رہیں یا نہیں وزیراعلیٰ اور وزراء تبدیل ہوتے رہتے ہیں حکومت کسی کی میراث نہیں عوام کی نمائندہ ہے جسے عوام نے ووٹ دیکر منتخب کیا ہے ہم حق نہیں رکھتے کہ انکا ایک سیکنڈ بھی ضائع کریں میں جب تک ہوں عوام کے وسیع تر مفاد میں اپنے وقت کو استعمال کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے تعلیم اور کھیلوں کی بہت زیادہ اہمیت ہے بلوچستان میں کرکٹ،فٹبال سمیت متعدد کھیلوں کا ٹیلنٹ ہے صوبے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جلد ہی قومی کرکٹ ٹیم میں نظر آئیں گے،کرکٹ اکیڈمی میں بچے صرف کھلیں گے نہیں بلکہ انہیں تعلیم بھی مہیا کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے تحت بلوچستان میں صحت، پانی کے منصوبے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بلوچستان کے با صلاحیت کھلاڑیوں کو بھی مواقع فراہم کئے جائیں گے مجھے بلوچستان سے خصوصی لگاؤ ہے صوبے کے کسی نوجوان کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی ہم صوبے بھر سے بچوں کو کوئٹہ لائیں گے جنہیں رہائش سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے