موجودہ مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کی ضرورت ہے،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صوبائی صدر وسابق اسپیکر صوبائی اسمبلی جمال شاہ کاکڑنے کہاہے کہ موجودہ مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کی ضرورت ہے،عمران خان اور اس کے ٹولے نے ملک پر مسلط ہوکر معیشت کوتباہ اور دنیا میں بدنام کردیا آج مسلم لیگ(ن) اور اتحادی جماعتوں نے مل کر ریاست کوبچانے کیلئے اپنی سیاست داؤ پرلگا دی اور بہت جلد درپیش مشکلات سے چھٹکارا پایاجائے گا، جینوا میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستان کوہونے والے نقصانات اور سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے وزیراعظم میاں محمدشہبازشریف رکھ چکے ہیں جس کے انتہائی مثبت نتائج برآمدہونگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے یوتھ ونگ کے صوبائی صدر نقیب ترین،مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سینئر نائب صدرعرض محمدبڑیچ، حیدر خان اچکزئی،شاکر محمدحسنی،نثار اچکزئی ودیگر بھی موجود تھے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمدشہبازشریف جینوا میں دنیا کے سامنے رکھ چکے ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا تخمینہ 30 ارب ڈالرز سے زائد ہے اور پاکستان کو فوری طور پر تعمیر نو اور بحالی کے لیے 16 اعشاریہ 3 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی،پاکستان میں سیلاب نے متاثرین کی زندگی بدل کر رکھ دی ہے، آج ہم تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں،انہوں نے کہاکہ موجودہ مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کی ضرورت ہے،عمران خان اور اس کے ٹولے نے ملک پر مسلط ہوکر معیشت کوتباہ اور دنیا میں بدنام کردیا آج مسلم لیگ(ن) اور اتحادی جماعتوں نے مل کر ریاست کوبچانے کیلئے اپنی سیاست داؤ پرلگا دی اور بہت جلد درپیش مشکلات سے چھٹکارا پایاجائے گا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ پاکستان میں یوتھ کی آبادی بڑی تعداد میں موجود ہے پاکستان کونام دنیا میں روشن کرسکتاہے ضرورت ہے کہ یوتھ کوآگے لانے کیلئے موثر مواقع فراہم کی جائیں انہوں نے کامیاب ورکرز کنونشن پر مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کو مبارکبادپیش کی اورامید ظاہر کی کہ وہ قائد نوازشریف اور مسلم لیگ(ن) کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنا بھرپور کرداراداکرینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے