ملک میں آٹے کی مصنوعی قلت پیداکرکے لوگوں کی جیبوں پرڈاکہ ڈالا جارہا ہے ، لالایوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالایوسف خلجی نے کہا ہے کہ ملک میں آٹے کی مصنوعی قلت پیداکرکے لوگوں کی جیبوں پرڈاکہ ڈالا جارہا ہے آٹے کا بحران حکمرانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب ثابت ہوگا،مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب آدمی کو دووقت کی روٹی کامحتاج کرکے رکھ دیا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرکے چند افراد کو اربوں روپے کا فائدہ دیا جارہا ہے جو پاکستان کے غریب عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار گندم پیدا کرنے والے ملکوں میں ہوتاہے لیکن ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آٹے اور گندم کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے آٹے کے حصول کیلئے آنے والے افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وافرمقدار میں گندم ہونے کے باوجود آٹے کی قلت پیداکی گئی ہے اور غریب عوام کی جیبوں پرڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کابحران حکمرانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کا عذاب ثابت ہوگا جو حکمران عوام کو آٹا اوربنیادی سہولیات فراہم نہیں کرسکتے انہیں اقتدار میں رہنے کا بھی کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والے مل مالکان اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اورعوام کوآٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے