آصف زرداری کی صحت کے معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کا معائنہ کرنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں سابق صدر کی عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع کردی۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔دوران سماعت آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیے کہ ان کے موکل کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور عدالت نے انہیں 2 کیسز میں طبی بنیادوں پر ضمانت دے رکھی ہے۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دونوں فیصلے ایک ہی دن کے ہیں جو ریکارڈ پر موجود ہیں۔
اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم میڈیکل بورڈ بنا دیتے ہیں اور اس کی رپورٹ کا انتظار کر لیتے ہیں تاہم انہوں نے استفسار کیا کہ سابق صدرکو بیماری کیا ہے؟
فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ ان کے موکل شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) آصف علی زرداری کو دل، کمر درد اورشوگرکا مرض لاحق ہے۔پراسیکیوٹرنیب نے کہا کہ عدالت کسی بھی سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ تشکیل دے۔
اس پر جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا تھا کہ آپ بھی بتا دیں، کل نیب کا بورڈ پر اعتراض نہ آ جائے۔ دو بارہ وہ باتیں نہیں ہونی چاہئیں جو پہلے بورڈ کی رپورٹ پر ہوتی رہی ہیں۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عدالت دل کے اسپتال این آئی سی ڈی کے میڈیکل ڈائریکٹر کو بورڈ کا سربراہ بنا دے۔عدالت نے آصف علی زرداری کی ایک دن کےلیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔