پشتون افغان غیور ملت کو درپیش اذیت ناک صورتحال کیلئے جدوجہد ضروری ہے،یوسف خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماوں نے نے کہا ہے کہ واضح حقیقی بیانیے کے ساتھ ساتھ پشتون افغان غیور ملت کو زندگی کے ہر شعبے میں درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات کے لئے مسلسل جدوجہد ضروری ہے۔ پشتونخوا میپ ان کی قیادت اور کارکن پشتونخوا وطن کے غیور عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے کسی قربانی کے دریغ نہیں کرینگے۔ پارٹی عہدیدار اور کارکن اپنی اانفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔ان خیالات کا اظہار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری مالیات یوسف خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات محمد عیسی روشان،صوبائی سیکرٹری خوشحال خان کاسی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد زمان کاکڑ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز علی محمد ترین، خلیل خان ترین اور ملک گران نے کچلاک میں علاقائی کانفرنس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علاقائی سیکرٹری ہیبت خان،سینئر معاون سیکرٹری بایزید خان روشان کی قیادت میں 19 رکنی کابینہ کا انتخاب ہوا جس سے پارٹی رہنما محمد عیسی روشان نے حلف لیا جبکہ کانفرنس کی صدارت پارٹی رہنما یوسف خان کاکڑ نے کی۔مقررین نے کہا کہ پشتونخوا میپ نے ہر قسم کے گھمبیر حالات میں پشتونخوا وطن کے عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے تاریخ ساز قربانیاں دی ہیں اور اب بھی اپنے حقیقی بیانیے کی روشنی میں جاری سیاسی جمہوری جدوجہد کو ہر سطح پر جاری رکھ کر آگے بڑھا یا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قومی تحریک کے ہر اول دستے پشتونخوا میپ کی وحدت کو نقصان پہنچانے کی ذمہ داری ان رہنماوں اور عناصر پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے سالہا سال تک پارٹی کے مرکزی اور صوبائی اداروں کو منجمد کرکے پارٹی کے تنظیمی اداروں کو تباہ و برباد کیا اور پارٹی اداروں پر اعتماد کرنے کے بجائے ذاتی انا کی خاطر پارٹی بیانیے تک کو تبدیل کردیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ممتاز رہنماوں اور ہزاروں کارکنوں نے سالار شہدا خان شہید سے لیکر ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت تک کے بیانیے کو اپنا کر پارٹی کو صحیح خطوط پر گامزن کیا انہوں نے کہا کہ پارٹی کو غیور عوام کی حاصل بھرپور حمایت اور پذیرائی قابل تحسین ہے پارٹی کارکن غیور عوام کو اپنے پارٹی کے صفوں میں متحد و منظم کرنے کے لئے تنظیمی کام میں تیزی اور وسعت پیدا کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے