وزیراعلیٰ بلوچستان قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے سابقہ حکومت کے ترجمان کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں،بابر یوسفزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوارڈی نیٹر بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے سابقہ حکومت کے ترجمان کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ لیاقت شاہوانی سابق حکومت کے دور میں حکومت کے ایک مضبوط ترجمان تھے جن کی نوکری اب ختم ہوچکی ہے اور وہ اپنے دل کی بھڑاس نکالنے کیلئے صوبائی حکومت پر الزامات لگارہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے اگر لیاقت شاہوانی کے پاس الزامات کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ میڈیا کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ترجمان اپنے دور میں حکومت بلوچستان سے ڈبل تنخواہ لیتے رہے ہیں جسکے ثبوت حکومت بلوچستان کے پاس موجود ہیں جبکہ موصوف کے بعد ڈی سی آفس میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ہیں جن کی جانب سے کرپشن کے الزامات سامنے آرہے ہیں لیکن حکومت نے انکے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبے کی تعمیر وترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم لیاقت شاہوانی کو مشورہ دیتے ہیں کہ شیشے کے گھرمیں بیٹھ کر دوسرے کے گھر پتھر نہیں پھینکے جاتے ہیں وہ بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہیں۔