وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کراچی میں اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آئی جی سندھ نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی شرح بڑھنے کا اعتراف کیا۔
کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں کور کمانڈر کراچی اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن سمیت رینجرز کے حکام اور صوبائی وزراء بھی شریک ہوئے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایپکس کمیٹی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2023 کے لوکل باڈیز کے انتخابات میں 4995 پولنگ اسٹیشن کو سکیورٹی دیں گے، 25340 کی فورس بلدیاتی الیکشن کے دوران سکیورٹی کے فرائض ادا کرے گی۔
غلام نبی میمن نے بتایا کہ سال 2022 میں 2021 کے مقابلے میں گھناؤنے جرائم میں 4.42 فیصد کمی واقع ہوئی، ان جرائم میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی شامل ہے جبکہ گھروں میں ڈکیتی کے واقعات میں بھی 14.6 فیصد کمی ہوئی۔آئی جی سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ بھتہ خوری کا سراغ لگانے کا تناسب 77.27 فیصد ہے اور 110 بھتہ خور پکڑے ہیں، اسٹریٹ کرائم میں 7.98 فیصد کا اضافہ ہوا ہے،موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ فور وہیل گاڑیاں چھینے جانے کے واقعات میں بھی 35.37 فیصد کمی رپورٹ ہوئی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے حکم دیا کہ پولیس اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل کو استعمال کرے، اسٹریٹ کرائم کے خلاف جو کریک ڈاؤن جاری ہے اس کو مزید تیز کیا جائے۔آئی جی سندھ نے بتایا کہ پولیس سے مقابلے میں 129 کرمنل مارے گئے اور 1047 زخمی ہوئے، شہر میں 3000 کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا ہے، کیمرے تاجروں، صنعتکاروں اور دیگر مخیر حضرات کی مدد سے لگائے گئے ہیں، اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر رہنے والے غیر ملکی بھی کراچی میں جرائم میں ملوث ہیں، غیرملکیوں کی واپسی یا ان کی ٹریکنگ بہت ضروری ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی کو مزید بہتر کرنے کے لیے 2 ارب 80 کروڑ روپے مہیا کیے ہیں، اسپیشل برانچ کی اپ گریڈیشن کے لیے بھی 995.3 ملین روپے دے رہا ہوں، سندھ حکومت پولیس میں کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ بنا رہی ہے، ریپڈ رسپانس فورس کو وسیع اور مزید مؤثر بنایا جائے۔سندھ فارنزک سائنس لیبارٹری سے متعلق آئی جی غلام نبی میمن نے بتایا کہ لیب میں آڈیو ویژول انالائز، کمپیوٹر فارنزک، کرائم اینڈ ڈیتھ سینس کی تفتیش ہوگی، ڈی این اے اور سیرولاجی، فارنزک فوٹوگرافی، نارکوٹکس، ٹیکسولاجی اورٹیرس کیمسٹری بھی ہو گی۔
اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی اراضی سے بھی تجاوزات ہٹائے گئے ہیں، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ وزیر ٹرانسپورٹ شہر میں ٹریفک جام کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کریں۔شرجیل میمن نے تجویز پیش کی کہ احتجاج کے لیے ایک پارک مقرر کرنا چاہیے، پارک میں صحافیوں کے بیٹھنے کے لیے بھی جگہ بنائی جائے، تمام احتجاج وہاں کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ روڈ بلاک نہ ہوں، جس پر مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ احتجاج کے لیے جگہ مخصوص کرنے کا منصوبہ بنا کر دیں ۔