مریم نواز پارٹی کو فعال بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی،چوہدری نعیم کریم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے مریم نوازشریف کوپاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئرنائب صدر اورچیف آرگنائزرمقررہونے پرمبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز پارٹی کو فعال بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی، عمران نیازی نے اپنے دورِ اقتدار میں معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایامعیشت کی بحالی اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے موجودہ حکومت کے خلاف پی ٹی آئی وائٹ پیپر جاری کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر ووزیراعظم میاں محمد شہبازشریف کی جانب سے مریم نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مقرر کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مریم نوازمسلم لیگ(ن)کو گراس روٹ لیول تک ازسرنو مضبوط بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم و مرکزی صدر میاں محمد شہبازشریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز کی قیادت میں آنے والے عام انتخابات میں ملک بھر سے حصہ لیکر کامیابی حاصل کریگی اورآنے والا دور مسلم لیگ(ن) کاہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا اور ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا تھا موجودہ وفاقی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے سخت فیصلے کئے جس کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔