حکومت سنبھالی تو حالات بہت مخدوش تھے،کوئی شک نہیں ملک میں مہنگائی عروج پر ہے،وزیراعظم
صحبت پور (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت سنبھالی تو حالات بہت مخدوش تھے ، اس میں کوئی شک نہیں ملک میں مہنگائی عروج پر ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے صحبت پور میں مقامی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا صحبت پور ضلع پانی میں ڈوبا ہوا تھا، یہاں پانی اور خوراک پہنچانا آسان کام نہیں تھا، اتنا بڑا سیلاب اپنی پوری زندگی میں نہیں دیکھا، سندھ کا میدانی اور بلوچستان کا پہاڑی علاقہ پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خوف آتا تھا کہ کس طرح لوگ دوبارہ بحال ہوں گے اور گھروں کو جائیں گے، جن حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی تھی آئی ایم ایف سے معاہدہ ٹوٹ چکا تھا، حالات بہت مخدوش تھے ، سابق حکمران سستی ترین گیس نہ خرید سکے، انکی نااہلی سے اربوں ڈالر خرچ کرکے گندم خرید رہے ہیں ، 27ارب ڈالر تیل پر خرچ ہوئے،کوئی شک نہیں مہنگائی عروج پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب نے بہت بڑ ا چیلنج پیدا کردیا ، سیلاب متاثرین کیلئے مزید امداد کی ضرورت ہے ، 9دسمبر کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے ، برادر ممالک کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ آج صحبت پور کے اس منصوبے سے سبق حاصل کریں گے، سیلاب کے بعد زمینیں ناکارہ ہوگئی ہیں،اس سے بڑی تباہی کیا ہوسکتی ہے ، ہم کوئی لمحہ ضائع نہیں کریں گے، تقریباً 10لاکھ گھر پانی میں بہہ چکے ہیں،سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی فرض کی مکمل ادائیگی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں پنجاب کی طرز پر 12 دانش اسکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر کی مشاورت سے پورے بلوچستان میں دانش اسکول بنائیں گے ، پنجاب دانش اسکول کے یتیم بچیاں اور بچے آج بیرون ملک خدمات انجام دے رہے ہیں، سینکڑوں بچے اور بچیاں ڈاکٹر اور انجینئرز بن چکے ہیں،
ان کا کہنا تھا کہ دانش سکول آج ہی بننا شروع ہوجائینگے ، دانش سکولوں میں ای لائبریری بھی قائم کی جائے گی، یہ تمام 12دانش سکول سولر کی شمسی توانائی سے چلیں گے ۔وزیراعظم نے گورنمنٹ بوائزسیکنڈری اسکول کلی جیاخان کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کردیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پور کا ایک روزہ دورہ کیاہے ، اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اوروزیر ہائوسنگ مولانا عبدالواسع بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔