گوادر کے عوام کو شہری سہولتوں کی فراہمی یقینی اور شہر کے کسی بھی حصے میں صاف پانی کی کمی نہ ہونے دی جائے،چیف سیکریٹری بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی ہدایت کی ہے کہ گوادر کے عوام کو شہری سہولتوں کی فراہمی یقینی اور شہر کے کسی بھی حصے میں صاف پانی کی کمی نہ ہونے دی جائے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو گوادر کی صورتحال کے جائزہ کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،محکمہ ماہی گیری،محکمہ پی ایچ ای محکمہ کھیل محکمہ اطلاعات کے سیکریٹر یوں اور سی ای او کیسکو اور کمانڈر مکران ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر گوادر بزریعہ ویڈیولنک شرکت کی، متعلقہ اداروں کے حکام کی جانب سے اجلاس میں امن و امان اور گوادر کی صورتحال کے حوالے سے دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گوادر میں امن و امان اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے گوادر میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے گرانقدر تعاون پر گوادر کے عوام کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ اجلاس میں بر یفنگ کے دوران بتایاگیا کہ گوادر شہر میں تجارتی مراکز پٹرول پمپ بنک اور دکانیں کھل گئی ہیں، گوادر میں موبائل ٹیلیفون سروس بحال ہو گئی ہے،گوادر کے شہری خوف کی فضا سے نکل کر معمولات زندگی میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، گوادر میں سیاحتی سرگرمیاں بھی بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہیں۔بریفنگ میں بتا یا گیا کہ گوادر پورٹ پر لنگر انداز جہاز سے گندم اتارنے اور اسکی ٹرانسپورٹیشن کا کام جاری ہے جس میں مقامی اور غیر مقامی مزدور حصہ لے رہے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری فشریز نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالنگ کی سختی سے روک تھام کے لئے گن بوٹ پر مشتمل مشترکہ پٹرولنگ جاری ہے غیر قانونی ٹرالنگ اور بدعنوانی میں ملوث محکمہ فشریز کے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے تین سال سے زائد تعینات عملے کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے چیف سیکر ٹری بلو چستان عبد العزیزعقیلی نے ہدایت کی کہ گوادر کے عوام کو شہری سہولتوں کی فراہمی یقینی اور شہر کے کسی بھی حصے میں صاف پانی کی کمی نہ ہونے دی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ گوادر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم، شہر میں سیاحتی اور تفریحی سرگرمیوں اور سہولتوں میں مزید اضافہ کیا جائے،مقامی ماہی گیروں کے روز گار کا تحفظ اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی، ترقیاتی منصوبوں میں گوادر کے عوام میں احساس ملکیت اجاگر کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ روائتی سبی میلہ اور پی ایس ایل کی طرز پر گوادر میں واٹر سپورٹس کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے