بلوچستان میں واقع یونیورسٹیوں کی مالی مشکلات دور کرنے کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن خصوصی توجہ دے رہی ہے،پروفیسر ڈاکٹر مختاراحمد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں واقع یونیورسٹیوں کی مالی مشکلات دور کرنے کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ معیاری تعلیم کی فراہمی بلا تعطل جاری وساری رہے۔یہ بات ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختاراحمدنے یونیورسٹی آف بلوچستان کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان کی مالی معاملات کے بارے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بھی بات کی جائیگی تاکہ یونیورسٹی ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی فراہمی میں کوئی مسئلہ پیش نہ آئے۔ انہوں یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ یونیورسٹی کی مالی معاملات اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے دور دراز اور تعلیم کے دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کے طلباء کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔گزشتہ چند سالوں میں بھی تعلیم کے معاملے میں سب سے زیادہ توجہ بلوچستان پر دی گئی اور ہائیرایجوکیشن کی جانب سے یونیورسٹی کیمپس کے قیام میں اولیت بلوچستان کو دی گئی ہے جس میں سے دس کیمپس بلوچستان میں ہے۔اس موقع پر چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن نے ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح بھی کیا۔ قبل ازیں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان نے چیئرمین ایچ ای سی کو یونیورسٹی کی کارکردگی اور مالی معاملات کے بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ممبران اور یونیورسٹی آف بلوچستان کی تمام فیکلٹیز کے سربراہان بھی موجود تھے۔