سندھ کی جیلوں میں بند بے گناہ پشتون شہریوں کوفوری طور پر رہا کیا جائے،لالا یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے سندھ میں بے گناہ پشتون خواتین،بچوں اور بوڑھوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریوں پر پشتون اور مذہب پرست سیاسی جماعتوں کی خاموشی قابل مذمت ہے سندھ کی جیلوں میں بند بے گناہ پشتون شہریوں کوفوری طور پر رہا کیا جائے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالایوسف خلجی نے کہا کہ پشتون قوم امن پسند قوم ہے جس نے پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا کرداراداکیا ہے سندھ کی جیلوں میں سینکڑوں کی تعداد میں پشتون خواتین،بچوں اور بوڑھوں کی بغیر کسی جرم کے قید قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ پشتون شہریوں کی بندش پر پشتون انقلاب اورمذہب کے نام پر سیاست کرنے والی سیاسی جماعتوں کی خاموشی معنی خیز ہے آج تک ان پشتون اور مذہب پرست سیاسی جماعتوں نے اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ جب پشتون قوم کے لیڈر خود میدان میں نکل کر جدوجہد کر رہے تھے تو پشتون نے حکمران کی لیکن آج پشتونوں کے نام پر سیاست کرنے والی جماعتیں شیشے کے کمروں میں بیٹھ کر دوسروں کے بچوں کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کررہے ہیں جو کسی بھی طرح درست اقدام نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان امن جرگہ کسی کو بھی پشتونستان اور اسلام کے نام پر پشتون عوام کو استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی جیلوں میں قید بے گناہ پشتون عورتوں،بچوں اوربوڑھوں کوفوری طور پر رہا کیاجائے بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ احتجاج پر مجبور ہوگا۔