اسلام آباد کے عوام کل بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کریں،عمران خان
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے تاکید کی ہے کہ اسلام آباد کے عوام کل بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کریں۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عدالتی حکم پر اسلام آباد کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے نتیجے میں اسلام آباد کے عوام ووٹ کے ذریعے اپنی مقامی حکومت منتخب کر پائیں گے، ملک کی بدقسمتی ہے کہ ملک پر مسلط کرپٹ ٹولے کے ساتھ الیکشن کمیشن بھی ملا ہوا ہے، الیکشن کمیشن ہمیشہ ان چوروں کی حمایت کر کے جمہوریت کے خلاف فیصلے کرتا ہے، اللہ کا کرم ہے کہ معززعدالتیں ہمیشہ الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلوں کو مسترد کر دیتی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ کرپٹ ٹولہ عوام سے خوفزدہ ہے، ہمیشہ انتخابات سے راہِ فرار اختیار کرتا ہے، چوروں کی کوشش صرف اور صرف ملک پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کی ہے، ملک پر قبضہ مسلط رکھنے کے لئے یہ ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کے پیسے سے ضمیروں کی منڈیاں لگاتے ہیں، اس مافیا کے پاس اب کوئی راستہ نہیں بچا، عوام ان کو بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے عوام کو خصوصی تاکید کرتا ہوں کہ آپ نے کل بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرنی ہے، مجھے امید ہے ان شاء اللہ اسلام آباد کے عوام اس کرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے۔