عدالت نے شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا،8 فروری کو سنایا جائیگا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کی عدالت میں شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت، عدالت نے مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کرلیا آٹھ فروری کو سنایا جائیگا۔ منگل کے روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت مقتول صحافی عبدالواحد رئیسانی شہید کے بھائی اسفند یار رئیسانی ان کے وکیل سینئر قانون دان وسابق سینیٹرملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ نے مقدمہ سے متعلق تفصیلی دلائل دیتے ہوئے اس نوعیت کے مقدمات میں مختلف عدالتی فیصلوں کا بھی حوالہ دیا جبکہ ملزم کے وکیل نے بھی عدالت کے سامنے اپنے دلائل پیش کیے بعدازں فریقین کے وکلاء کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے آئندہ سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی،اس موقع پر بی یو جے کے جنرل سیکرٹری منظور احمد رند، صحافی شعیب رئیسانی،صحافی محمد عنایت سمیت متاثرہ خاندان کے افراد بھی موجود تھے۔ بی یو جے کے جنرل سیکرٹری منظور احمد رند نے بتایا کہ عدالت نے مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جسے آٹھ فروری کو سنایا جائیگا۔