حکومت اور ریاست عوام کے مفادات کے برخلاف ٹوکن مافیا اور ٹرالر مافیا کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں ، نیشنل پارٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی نے گوادر میں پرامن مظاہرین اور دھرنے پر لاٹھی چارج اور شلنگ کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہاکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ حکومت اور ریاست عوام کے مفادات کے برخلاف ٹوکن مافیا اور ٹرالر مافیا کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں بیان میں کہاگیا کہ گوادر دھرنے کے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بلوچستان کے سمندری حدود میں غیر قانونی مائیگیری کے شکار پر پابندی لگا کر سمندر حیات کے تحفظ اور مقامی مائیگیروں کے مفادات کا خیال رکھا جائے اور مکران بارڈر پر ہونے والے تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے ٹوکن نظام کا خاتمہ کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ کی بارڈر کاروبار میں بے جاہ مداخلت بند کرکے رشوت کا سلسلہ بند کیا جائے ٹوکن نظام پر پابندی لگائی جائے۔ بیان میں گرفتار سیاسی کارکنوں کی فوری رہائی کو یقینی بنایا جائے اور حق دو تحریک کے رہنماوں کے ساتھ بامقصد مزاکرات کئے جائیں۔ بیان میں کہاگیاکہ پرامن دھرنے پر رات کو حملہ کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ گوادر دھرنے پر ریاستی دھشت گردی افسوسناک اور قابل مذمت ہے گرفتار تمام افراد کو فورا رہا کیا جائے۔