ن لیگ کے کچھ ایم پی ایز رابطے میں ہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ چاہتے ہیں،فواد چودھری
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے کچھ ایم پی ایز رابطے میں ہیں، کچھ ہمارے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا چاہتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں بتایا کہ آج اجلاس میں معیشت پر وائٹ پیپر لانے پر بات ہوئی، پنجاب کی پارلیمارنی پارٹی کے اجلاس کا شیڈول طے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات کی طرف بڑھ رہے ہیں، مارچ اور اپریل میں انتخابات ہوسکتے ہیں، کراچی میں آٹے کا تھیلا 2500 روپیہ کا ہو گیا ہے، گزشتہ 8 ماہ میں جو تباہی ہوئی ہے اس کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔فواد چودھری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئی ایم ایف سے معاملات نہیں چلتے توملک ڈیفالٹ کی طرف جائے گا، ہماری حکومت میں 55 لاکھ نوکریاں پیدا ہوئیں جب کہ اس حکومت نے صرف فیصل آباد میں ڈھائی لاکھ لوگوں کو بیروزگار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں دہشت گردی واپس آگئی ہے، بلوچستان میں ایک دن میں دہشت گردی کے 8 واقعات ہوئے، ملک میں مہنگائی بڑھ گئی اور نوکریاں ختم ہوگئی ہیں۔پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ موجوہ دہشت گردی کے واقعات میں حکومت گمشدہ نظر آتی ہے، شہباز شہباز شریف کو عوام سے کوئی غرض نہیں، آٹا مہنگا ہوا لیکن اس پر کوئی اجلاس نہیں ہوا، 7 ماہ میں 20 لاکھ لوگ بے روزگار ہو ئے ہیں جب کہ تاجر کہہ رہے ہیں کہ ملک درست سمت میں نہیں جا رہا ہے۔