بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر کار فرما ہیں، پیپلز پارٹی بلوچستا ن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے بلوچستان میں سیکورٹی فورسز اور شہریوں پر دہشتگردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے، یہا ں جاری کردہ مشترکہ مذمتی بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر کار فرما ہیں جو نہیں چاہتے کہ بلوچستان اور ملک میں امن و استحکام آئے۔انہوں نے کہا کہ کوہلو میں پاک فوج کے کپتان سمیت پانچ اہلکاروں کی شہادت پر دلی صدمہ پہنچا فورسز کے شہداء نے عوام کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔انہوں نے کوئٹہ،حب، خضدار، تربت میں پولیس سمیت سیکورٹی فورسز پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشتگردی کے خلاف بیش بہا قربانیاں دی ہیں انہی قربانیوں کی بدولت پاکستان اور بلوچستان امن کا گہوارہ بنیں گے بلوچستان کے عوام اور پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی پشت پر کھڑے ہیں ہم دہشتگردی کے ناسور ہو ان قریب شکست دیں گے۔