پشتونخوا میپ کا قومی کانگریس : قومی جدوجہد کی ایک نئے دور کا آغا ز کرے گا : مختار خان یوسفزئی
کوئٹہ(پ ر) پشتونخو ا میپ ضلع کوئٹہ کے اہتمام پر انجنئیرز ،آرکیٹیک علاقائی یونٹس کا ایک نمائندہ اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مختار خان یوسفزئی کے زیر صدارت کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوا جس میں انجنئیرز اور آرکیٹیک علاقائی یونٹ کا انتخاب عمل میں لایا گیا اور 21 رکنی ایگزیکٹیو کونسل قائم کی گئی جس کے سیکرٹری انجنئیرشیخ اسلم مندوخیل منتخب ہوگئے۔اس پروقار تقریب سے مختار خان یوسفزئی، سینئر نائب صدر محمد عیسیٰ روشان،ایم پی اے نصراللہ زیرے،ڈپٹی سیکرٹری خوشحال کاسی، نومنتخب سیکرٹری انجنئیر شیخ اسلم مندوخیل نے خطاب کیا۔جناب مختار خان یوسفزئی نے انجنیئرز ساتھیوں کو وطن پال اور باشعور انجنئیروں و آرکیٹیک کے نمائندہ اجتماع منعقد کرنے اور علاقائی یونٹ کے قیام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجنئیروں کا یونٹ ان کے اپنے مسائل کے حل اور ہمارے قومی اور عوامی مسائل میں انتہائی اہم رول ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا میپ کا پانچواں قومی کانگریس پشتون قومی سیاسی تحریک کی قومی جدوجہد کی ایک نئے دور کا آغا ز کرے گا۔ہمارے باشعور اور منظم سیاسی کارکن اپنی پارٹی کو اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق علمی ،نظریاتی اور سیاسی بنیادوں پر منظم کرے گی جو ماضی کی قومی تحریک کے تمام کمزوریوں اور خامیوں سے پاک ہوگی۔انہوں نے کہا کہ باچا خان اور خا ن شہید کی رہنمائی میں ہماری قومی تحریک نے بے مثال قربانیاں کیں لیکن ایک صدی کی جدوجہد کے باوجود ہماری قومی محکومی کا خاتمہ نہیں ہوا بلکہ آج پشتون افغان ملت اپنی پر افتخار تاریخ کے بدترین حالات دوچار ہیں۔ہمارا وطن استعماری طرز پر تقسیم ہے اور ہم ملی وحدت اور متحدہ قومی صوبہ پشتونخوا کے حق سے محروم ہے۔ پشتون بلوچ مشترکہ دو قومی صوبے میں پشتون برابری کے حق سے محروم ہے اور پاکستان کے فیڈریشن میں پشتونوں کو قومی برابری اور جمہوری اقتدار کا حق حاصل نہیں۔آج تاریخی افغانستان کے ملی سٹیٹ اور تمام ملی اداروں کو استعماری قوتوں نے ختم کرکے افغانستان پر طالبان کے نام سے اپنا استعماری قبضہ قائم کیا ہے ایسے حالات میں پشتونخوا میپ جدوجہد کے اس نئے دور میں اپنے قومی اہداف کے حصول کے لئے اپنا تاریخی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نئی نسل کو ایک ایسی قومی ،عوامی اور جمہوری پارٹی کے صفوں میں متحد اور منظم کرینگے جو حقیقی معنوں میں اپنی خصلت میں استعمار مخالف،جاگیردار مخالف اور جمہوری مترقی اور سیکولر ہوگی۔جس کے تنظیمی فیصلے جمہوری طریقے سے ہونگے اور جس کے رہنما ادارے اجتماعی قیادت کی رہنمائی میں اپنے ملی فرائض انجام دینگے۔