ریکو ڈک پاکستان اور بلوچستان کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان کی مارک بریسٹو سے ٹیلیفون گفتگو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ریکو ڈک پاکستان اور بلوچستان کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے،معاہدے کے مطابق علاقے کی سماجی ترقی کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کا آغاز ہو گا۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ریکو ڈک منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی بیرک گولڈ کے سی ای او مارک بریسٹو سے ٹیلیفون گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے مارک بریسٹو کو معاہدے کی حتمی منظوری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریکو ڈک پاکستان اور بلوچستان کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے یقین ہے کہ بیرک گولڈ معاہدے میں شامل کام کے آغاز کے طے شدہ شیڈول پر عملدرآمد کریگی۔ انہوں نے کہاکہ معاہدے کے مطابق علاقے کی سماجی ترقی کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کا آغاز ہو گا۔ اس موقع پر مارک بریسٹو نے ریکو ڈک معاہدے پر دستخط اور حتمی منظوری پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا معاہدے پر ٹھوس اور واضع موقف قابل تحسین ہے،بیرک گولڈ کارپوریشن فیزیبلٹی سٹڈی اور سماجی ترقی کا پلان پیش کریگی۔ گفتگو کے دوران اتفاق کیا گیا کہ دونوں جانب سے معاہدے کے حوالے سے جنوری 2023 میں کوئٹہ میں تقریب کے انعقاد، علاقوں کے لوگوں کا اعتماد اور احساس شراکت داری بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔