سا ئلین کو پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں فراہم کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کررہے ہیں، عبدالودود خان مروت

پشین (ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر پاسپورٹ زونل ہیڈ بلوچستان عبدالودود خان مروت نے ریجنل پاسپورٹ آفس پشین میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سا ئلین کو پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں فراہم کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کررہے ہیں شہری شکایات کی صورت میں فوری رابطہ کریں بلاتاخیر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے وڑن کے مطابق مختلف ریجنل دفاتر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کررہے ہیں۔اس موقع پر ریجنل پاسپورٹ آفس پشین کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک انور اعوان بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر عبدالودود خان نے کہا کہ پاسپورٹ کے حصول کی آگاہی کی خاطر آفس کے باہر بورڈز آویزاں کردیئے گئے ہیں جن پر پاسپورٹ بنوانے کے کوائف اور فیس کے حوالے سے درکار تفصیل فراہم کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو کسی طرح کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ملازمت پیشہ افراد پر واضح کیا ہے کہ وہ پاسپورٹ کے حصول کیلئے اپنے ادارے کا اجازت نامہ ضرور فراہم کریں اور کوئی امر مخفی نہ رکھیں ورنہ انہیں قانونی ضابطے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایئر پورٹس پر نادرا لنک موجود ہے اور سرکاری ملازمین کیلئے شناخت چھپانا اب ممکن نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ تمام پاسپورٹ کے دفاتر سے ایجنٹ مافیا اور سفارش کلچر کا خاتمہ کر دیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اب موبائل فون پر ”پاسپورٹ آسان فیس“ ایپ ڈاون لوڈ کریں اور موبائل فون سے پاسپورٹ کے حصول کیلئے مطلوبہ کیٹگری کی فیس کرکے متعلقہ پاسپورٹ آفس جائیں۔۔ حصول پاسپورٹ کے لئے شہری بلا روک ٹوک قانون وضابطے کے مطابق درخواستیں جمع کروائیں۔ان کا کہنا تھا کہ سائلین سے اگر کوئی شخص نقدی کا مطالبہ کرتا ہو تو اس کے بارے میں فوری مطلع کریں یا پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے پاسپورٹ اسٹاف پرواضع کیاکہ وہ آئین اور قانون کا خیال رکھتے ہوئے شہریوں کے کوائف درج کریں۔اپنی ذمہ داریوں کو خلوص نیت سے ادا کریں۔ پاسپورٹ کا حصول ہر شہری کا حق ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی اہلکار شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں ان کی طرف سے کسی قسم کی بدعنوانی‘ ناجائز مطالبہ‘ بلاعذر اعتراضات برداشت نہیں کئے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے