سیلاب متاثرین کے آباد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیر اعظم
خیرپور (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے آباد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ توشہ خانہ تحائف کے پیسے عوام پر خرچ ہوتے تو خراج تحسین پیش کرتا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ کے ضلع خیرپور میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کےباعث جو تباہی ہوئی وہ ناقابل بیان ہے اور سیلاب کے باعث لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث سندھ کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے اور قدرتی آفت میں دوست ممالک نے بھی ہماری بھرپور مدد کی۔ لاکھوں ایکڑ زمین زیرآب آئی اور فصلیں تباہ ہو گئیں۔شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کیا جبکہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے 70 ارب روپے متاثرین میں تقسیم کیے گئے لیکن آج بھی 2 کروڑ سیلاب متاثرین امداد کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت سے ہمیں مسائل ورثے میں ملے اور سابقہ حکومت میں دوست ممالک سے اربوں روپے کے تحفے ملے لیکن تحفے میں ملنے والی خانہ کعبہ ماڈل کی گھڑی بھی بیچ دی گئی۔ خاتون اول کو اربوں روپے کے تحفے ملے جو بیچ دیئے گئے۔توشہ خانہ تحفوں سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوست ممالک نے تحائف گزشتہ وزیر اعظم کو نہیں بلکہ پاکستانی عوام کو دیئے گئے تھے اور بیچنے والے تحائف کے پیسے اگر آپ پر خرچ ہوتے تو خراج تحسین پیش کرتا۔وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک متاثرین اپنے گھروں میں آباد نہیں ہوتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔