چمن، پاک افغان بارڈر پر فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں، شہری خوف زدہ
چمن(ڈیلی گرین گوادر) چمن میں پاک افغان بارڈر پر ایک بار پھر فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا، انتظامیہ نے شہریوں کو بارڈر سے دور رہنے کی اپیل کردی۔چمن میں پاک افغان سرحد پر پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، پاک افغان بارڈر کلی شیخ لعل محمد پر بھاڑ پر تنازع کے بعد فائرنگ شروع ہوئی۔ ہتھیاروں کے استعمال کے سبب ہونے والے دھماکوں کی آوازیں چمن شہر میں سنی جارہی ہیں جس سے عوام میں خوف و ہراس پیدا ہورہا ہے۔انتظامیہ نے پاکستان کی جانب سے چمن شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے ہیں اور عوام کو بارڈر علاقوں سے دور رہنے کی اپیل بھی کی ہے۔واضح رہے کہ گیارہ دسمبر کی شب افغان بارڈر فورسز کی جانب سے بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ سے چمن میں 5 شہری شہید اور 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔