صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، سردار محمد صالح بھوتانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے ضلع حب، لسبیلہ اور پشین کے علاقے حرمزئی میں پرامن اور شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں اب تک ہونے والے تمام بلدیاتی انتخابات کو پرامن اور شفاف بنا کر عوام کو آزادانہ طور پر انکے حق رائے استعمال کرنے کو یقینی بنایا ہے، صوبے میں کسی بھی بلدیاتی انتخاب میں سرکاری وسائل کے غلط استعمال یا دھاندلی کی شکایات موصول نہ ہونا صوبائی حکومت کی کامیابی ہے،جن حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی گئی ہے اسے بھی شفاف انداز میں یقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ سینئر وزیربلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کا معاشرے کی بہتری اور ترقی میں کلیدی کردار ہے صوبائی حکومت نے صوبے کے عوام کو موقع فراہم کیا کہ وہ آزادانہ طور پر اپنے نمائندگان کا انتخاب کریں حکومت نے اب تک ہونے والے تمام بلدیاتی انتخابات میں غیر جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حب اور لسبیلہ کے بلدیاتی انتخابات میں امن و امان کی صورتحال اور انتخابات کا انعقاد اطمینان بخش رہا صوبائی حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ کسی کو بھی انتخابی عمل میں شکایت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جن حلقوں میں انتخابی نتائج پر امیدواروں نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی ہے اس عمل کو شفاف اور بہتر انداز میں یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب نمائندوں پر عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوگئی ہے امید ہے وہ اس ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گے۔سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ تمام جماعتوں نے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا ہے یہ ہماری کامیابی ہے صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے