صوبے کے وسائل وفاق کو حوالگی کے حوالے سے حالیہ قرار داد اٹھارویں ترمیم کے منافی ہے جسے مسترد کرتے ہیں، احمد نواز بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ہیومن رائٹس رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار قابل قبول نہیں صوبے کے وسائل کی وفاق کو حوالگی کے حوالے سے حالیہ قرار داد اٹھارویں ترمیم کے منافی ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔اپنے جاری ایک بیان میں میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے جس کی ضمانت آئین پاکستان نے دی ہے ایسے کسی بھی اقدام کی بھر پور مخالفت کریں گے جو ہمارے عوام کے استحصال پر مبنی ہوگا بلوچستان کے وسائل ہڑپ کرنے کے لئے ہمیں ایسی بند گلی کی جانب دھکیلا جارہا ہے جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں آئینی طور پر اسوقت ون یونٹ نہیں بلکہ صوبے ہیں لیکن اختیارات کا رخ وفاق کی جانب منتقل کرکے آئین کی صریحاً خلاف ورزی کی جاررہی ہے جس پر خاموشی ایک مجرمانہ فعل ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں پیش کردہ حالیہ قرارداد رات کی تاریکی میں بنائی گئی اور اسے اراکین کی اکثریت سے پوشیدہ رکھا گیا بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار کا گورکھ دھندہ بلوچستان قانون ساز اسمبلی کے کاندھے پر بندوق رکھ کر کروایا جاررہا ہے بلوچستان کے عوام کو لاوارث اور یتیم سمجھ کر یہاں کے وسائل پر ہاتھ صاف کئے جاررہے ہیں نتیجتاً قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے کے غریب عوام کی آئندہ نسلوں کا مقدر بھی غربت، ناخواندگی، بنیادی ضروریات سے محرومی اور پسماندگی ہی رہے گی میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر قبضہ گیری کے لئے اس طرح کی قانون سازی قومی استحکام نہیں بلکہ مزید نفرتوں کا باعث بنے گی بی این پی اس طرح کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتی ہے اور ہر فورم پر بلوچستان کے ساحل و وسائل اور عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے قائد سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اقتدار ہمارے لئے کوئی معنیٰ نہیں رکھتا بلوچستان اور صوبے کے عوام ہمیں عزیز ہیں قائد کا ہر فیصلہ ہمارے لئے حرف آخر ہے بی این پی تمام حالات کے تناظر میں اپنے اصولی موقف پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے