بلوچستان میں سیلاب متاثرین کے خیمے جلسوں میں استعمال ہونےکا انکشاف
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں سیلاب متاثرین کے خیمے جلسوں میں کارکنوں کو بٹھانے کیلئے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین ٹینٹس اور خیموں کے بغیر سرد موسم میں کھلے آسمان تلے بیٹھے امدادی سامان کے منتظر ہیں لیکن امدادی اداروں کی جانب سے فراہم کیا جانے والا یہ سامان کوئٹہ کی مارکیٹوں میں برائے فرو خت ہے۔
ایسا ہی ایک انکشاف گزشتہ دنوں سامنے آیا جب کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسے میں امدادی ادارے یو این ایچ سی آر کے ٹینٹس کا استعمال ہوا۔جے یوآئی کے ضلعی امیر حاجی عین اللہ شمس کا کہنا تھا کہ یہ ٹینٹس اسٹیڈیم میں جاگنگ ٹریک کو بچانے کیلئے پی ڈی ایم اے نے فراہم کیے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم نے ٹریک کو محفوظ بنانے کیلئے پی ڈی ایم اے سے درخواست کی کہ ہمیں ٹینٹس دے دیں جسے ہم بچھائیں گے اور جلسہ ختم ہونے پر واپس کردیں گے، ہم نے گن کر خیمے لیے اور پھر واپس بھی کیے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے امدادی سامان کے سیاسی جلسوں میں استعمال کو معمولی بات قرار دیا اور کہا کہ ہمیں اتنی چھوٹی چیزوں میں پڑنا نہیں چاہیے۔