تبدیلی کے نام پر لائی جانے والی حکومت ناکام ہو چکی ہے، سراج الحق
لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر لائی جانے والی حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اب حکمران فرار ہونے کےلیے موقع کی تلاش میں ہیں۔
منصورہ لاہور میں مجلس شوری کے اجلاس بعد سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک مہنگائی اور بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، اسلام آباد میں اسامہ نامی نوجوان کو اور بلوچستان میں 11 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نیب کو سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، شوگر مافیا کے خلاف کمیشن رپورٹ پر عمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے خود اعتراف کیا ہے کہ ان کی تیاری نہیں تھی، انہوں نے 90 دن مانگے تھے جب کہ 900 دنوں میں صرف چیف سیکرٹریز اور آئی جی تبدیل کیے گئے۔