کوئٹہ کے شہریوں کو ٹریفک جام کے باعث پریشانی اور مشکلات کا سدباب کیا جائے ،ایوان صنعت و تجارت
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک جام کے گھمبیر ہوتے مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں حکومت اور انتظامیہ فوری اقدامات اٹھائے تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کو ٹریفک جام کے باعث پریشانی اور مشکلات کا سدباب کیا جا سکے۔بدھ کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے ساتھ ملاقات کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں،کاروباری طبقہ سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کو کوفت اور پریشانی کا سامنا ہے مگر حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں کسی قسم کے اقدامات نہ ہونا المیہ سے کم نہیں اب تو صنعت و تجارت سمیت ہر شعبے سے وابستہ افراد کیلئے شہر کے مختلف علاقوں تک آمد و رفت کسی چیلنج سے کم نہیں کیونکہ شہر کے تقریباً ہر علاقے میں بدترین ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے اس سلسلے میں آئی جی ٹریفک پولیس اور ان کی ٹیم کی ناقص کارکردگی بھی شہریوں اور تجارت پیشہ افراد کیلئے باعث حیرت ہے انہوں نے کہا کہ برسوں سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے قیام کا کہا جا رہا ہے مگر اس سلسلے میں اب تک عملی اقدامات شاز و نادر ہی دیکھنے کو ملتے ہیں شہر میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کہ وجہ سے لوگوں کیلئے تجارتی مراکز اور دیگر تک پیدل جانا بھی مشکل تر ہو گیا ہے حتیٰ کہ ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں تک کو جائے وقوعہ اور حادثہ تک پہنچنے میں تاخیر ہو جاتی ہے جو مایوس کن ہے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران حکومت بلوچستان اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکے اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ہرممکن تعاون کیلء ہمہ وقت تیار ہے۔