کوئٹہ ، حکومت کے احکامات کی روشنی میں قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلئ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سرکاری اراضیوں پر قائم تجاویز اور قبضہ مافیا کے خلاف کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر سریاب کوئٹہ نثار احمد لانگو نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ جنگلات کے ہمراہ موضع سعادت میاں غنڈی میں محکمہ جنگلات کی اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 22ایکٹر سرکاری اراضی واگزار کرا لی اراضی کی مالیت اربوں روپے میں ہے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار احمد لانگو کا کہناتھا کہ وزیراعلئ چیف سیکرٹری بلوچستان اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کے احکامات پر محکمہ جنگلات کی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری اراضی پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور ایسے عناصر کیخلاف سخت کاروائی کرکے تجاوزات مسمار اور قابضین کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات کی اراضی پر قائم تمام تعمیرات مسمار اور دوبارہ قبضہ روکنے کے لیے پولیس چوکیاں قائم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔