عمران خان سے بڑا احسان فراموش نہیں دیکھا،عمران خان اور حواری ذہنی مریض نظر آتے ہیں،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گونادر)بلوچستان عوامی پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ کسی نے احسان فراموشی سیکھنی ہے تو عمران خان سے سیکھے۔پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے من گھڑت اور بے سروپا بیانات کے ذریعے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے جنرل باجوہ سے متعلق بے سروپا بیانات و الزامات کے حوالے سے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عمران خان ریٹائرڈ جنرل باجوہ کے جانے کے بعد اُن کے خلاف جھوٹ اور منافقت پر مبنی زبان استعمال کر رہے ہیں اس سے عمران خان کی منافقت کھل کر سب کے سامنے آگئی ہے۔ حضرت علی ؓ کا قول ہے کہ ”جس پر احسان کرو، اس ک شر سے بھی ڈرو“۔ اور یہ بات عمران خان پر بالکل صادق آتی ہے۔ جس نے اُن کا ساتھ دیا اب وہی سب سے برا ہو گیا۔جب تک آپ کے مطلب کی بات تھی تو سب ٹھیک تھا لیکن جب ادارے اور ان کے لوگ نیوٹرل ہو گئے تو سب غلط ہو گیا۔ہم نے عمران خان سے بڑا احسان فراموش نہیں دیکھا۔ جس نے اپنے محسن کو بھی ڈسنے سے گریز نہیں کیا۔مونسی الٰہی اور پرویز الٰہی کی نجی چینلز سے گفتگو میں سب حقیقت عیاں ہو گئی ہے جس میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان کس طرح اقتدار میں آئے اور کس حد تک انہیں سپورٹ کیا گیا۔اب مسلسل ناکامیوں کے بعد منفی اور گھٹیا پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ اسمبلیاں توڑ دی جائیں گی لیکن یہ بھی ان کی گیدڑ بھبکیاں ہیں جن کی کوئی وقعت نہیں۔ قوم عمران نیازی کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے اور جھوٹے اور منافق بندے کو پہچان چکی ہے جو اقتدار کے حصول کے لئے ملک کو نقصان پہنچانے سے بھی دریغ نہیں کر رہا۔انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی جنہیں کوئی جانتا تک نہیں تک اب اتنے بڑے لیڈر ہو گئے ہیں کہ اعلیٰ اداروں اور ان کے سربراہ کا نام لے کر الٹی سیدھی زبان استعمال کر رہے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی پر مقدمات قائم ہوئے وہ خود اس کے ذمہ دار ہیں اور جرم ثابت ہونے پر ان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے تاکہ آئندہ کسی اور کی جانب سے اعلیٰ اداروں بارے ایسی زبان استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کا حالیہ بیان پارلیمانی جمہوری نظام پر حملوں کا تسلسل ہے۔ عمران خان کی سیاست کا مقصد صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے جو کہ ان کی ذہنی حالت دیکھتے ہوئے دوبارہ ممکن نظر نہیں آتا۔ عام عوام بھی عمران خان اور ان کے حواریوں کی باتوں سے تنگ آگئے ہیں اور سمجھ گئے ہیں کہ عمران خان پر صرف اقتدار کی حوس کا بھوت سوار ہے اور اس کے لئے وہ وطن کو نقصان پہنچانے سے بھی دریغ نہیں کر رہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ کے ریٹائر ہوتے ہی تحریک انصاف والوں نے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی ہے۔ عمران نیازی جنرل (ر) باجوہ سے غیر آئینی طور پر تحریک عدم اعتماد کو روکنے کا تقاضا کرتے رہے اور اپنے غیر فطری مقصد کے حصول کے لئے غیر آئینی مطالبے کے بدلے آخری دم تک پرکشش پیشکشیں کرتے رہے۔اپنے مذموم مقصد میں ناکامی پراداروں اور اعلیٰ عہدیداروں پر جھوٹے الزامات پر اتر آئے اوراب کہتے ہیں کہ توسیع دینا غلط فیصلہ تھا۔ توسیع دینا غلط تھا تو دوبارہ آفر ز کیوں کی جاتی رہیں؟۔اس مہم جوئی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت اقتدار کے حصول کے لئے ہر ناجائز ہتھکنڈہ استعمال کرنے کی کوشش کر رہی۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اُن کی اس گھٹیا حرکت سے ادارے ان کے پریشر میں آ جائیں گے لیکن یہ اُن کی بھول ہے کہ پاک فوج جیسا ادارہ ان کی گیدڑ بھبھکیوں میں آجائے گا۔ پاک فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل فوج ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے ملک اور اپنی قوم کے تحفظ اور دفاع کے حوالے سے پوری قوم اور پاک فوج کا عزم نہایت پختہ اور غیرمتزلزل ہے۔پاک فوج کیخلاف غلیظ و گندی زبان استعمال کرنے اور گھٹیا الزامات ناقابل برداشت اور انتہائی قابل مذمت ہیں۔ پاک فوج انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار قومی ادارہ ہے۔انہوں نے پوری پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ پاک فوج کے خلاف منفی باتیں کرنے اور من گھڑت الزامات لگانے والوں کامکمل بائیکاٹ کیا جائے اوران الزامات کی مکمل انکوائری کی جائے تاکہ اس منفی اور گھٹیا مہم جوئی کے پس پرد چھپے مقاصد سب کے سامنے آسکیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے سپریم کورٹ اور مقتدر قومی اداروں سے اپیل کی کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور حواریوں سمیت جو بھی اعلیٰ اداروں اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے اُس کے خلاف قانون و آئین کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم عمران خان اور ان کے حواریوں کی جانب سے ملک کوانتشا رکی جانب دھکیلنے اور غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو مستر د کرتی ہے اورملکی سلامتی اور مفادات کے لئے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے