سینیٹر اعظم سواتی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، اعظم سواتی کے وکلاء نے موکل تک رسائی کیلئے جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس درخواست جمع کروادی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، اعظم سواتی کے وکلاء نے موکل تک رسائی کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس درخواست جمع کروادی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو ہفتہ کو بلوچستان کی کسی بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا وہ گزشتہ روز سے سی آئی اے پولیس کی تحویل میں ہیں۔ اعظم سواتی کی گرفتاری پر انصاف لائرز فورم کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ کچلاک کے پاس انکی ضمانت کے لئے درخواست جمع کی گئی جس پر مرکزی اور صوبائی قائدین سے مشاورت کے بعد ضمانت کی درخواست واپس لے لی گئی اور وکلاء نے اعظم سواتی تک رسائی حاصل کرنے کے لئے ایک علیحدہ درخواست جوڈیشیل مجسٹریٹ کچلاک کی عدالت میں جمع کروا دی ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اعظم سواتی دل کے عارضے میں مبتلا ہیں جنہیں فوری طبی معائنہ اور ادویات کی ضرورت ہے،جوڈیشل مجسٹریٹ شرینہ داود نے درخواست منظور کر تے ہوئے تفتیشی افسر کو اعظم سواتی سے ملاقات کروانے کے احکامات جاری کردئیے واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے پاک فوج اور قومی اداروں کے خلاف متنازعہ بیانات دینے پر کوئٹہ،ژوب،لسبیلہ،پسنی اور خضدار میں مختلف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء کے خلاف درج مقدما ت پر بلوچستان پولیس نے گزشتہ روز اعظم سواتی کو اسلام آباد سے گرفتارکرکے کوئٹہ منتقل کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے