امن و امان پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا شرپسند و جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آ ئینی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، کمشنر قلات ڈویژن

خضدار(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر قلات ڈویژن داؤد خان خلجی نے کہا ہے کہ امن و امان پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا شرپسند و جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آ ئینی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا،قومی شاہراوں پر مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، تعلیم و صحت کے حوالے سے عوام کو معیاری سہولتیں فراہم کرنا اور اداروں کی استعداد کاری میں اضافہ کے لئے نگرانی کا موثر نظام مرتب کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار کمشنر قلات ڈویژن کمشنر کانفرنس روم خضدار میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمانڈنٹ قلات اسکاوٹس کرنل حافظ کاشف رشید،ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر)محمد الیاس کبزئی،ڈپٹی کمشنر حب زاہد خان،ڈی سی لسبیلہ محمد مراد ک سی ڈ ی سی آواران کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل ڈی سی سوراب جلال الدین کاکڑ ڈی سی قلات منیر احمد درانی ڈی سی مستونگ یاسر بلوچ اے ڈی آئی جی پولیس قلات رینج نوراحمد میجر ایف سی قلات اسکاؤٹس میجر خضر حیات اور قلات ڈویژن کے مختلف اضلاع کیپولیس آفیسرز عبدالحفیظ جتک عبدالصمد مینگل و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔قبل ازیں کمشنر قلات ڈویژن کو امن و امان کی صورتحال تعلیم و صحت کے حوالے سے دستیاب سہولیات اور اس حوالے سے جاری اقدامات، گیارہ دسمبر کو ڈسٹرکٹ بیلہ و ڈسٹرکٹ حب میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے تیاریوں، وزیر اعظم پیکج کے تحت زمینداروں میں بیج تقسیم کرنے اور قیمتیں کنٹرول کرنے کے حوالے سے انتظامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ امن و امان پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔نقص امن کا سبب بننے والے چاہے کتنے ہی طاقتور کیوں نہ ہوں ان کے ساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا کمشنر قلات ڈویژن نے سختی سے ہدایت کی کہ تاجران اور کاروباری حلقوں کو اعتماد میں لیکر تمام بڑے شہروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے اور قومی شاہراوں پر سفر کرنے والے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے چیک پوسٹوں اور گشتی ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے منشیات کے اسمگلنگ کی روک تھام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ گیارہ دسمبر کو لسبیلہ اور حب کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ووٹرز ایک پرامن و آزادانہ ماحول میں اپنی حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے ایک مکمل ہم آہنگی اور موثر رابطہ کاری کے زریعے بلدیاتی انتخابات کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔کمشنر قلات ڈویژن نے محکمہ جنگلات کے سرکاری اراضیات پر تجاوزات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضیات کا تحفظ متعلقہ محکمہ کی زمہ داری ہے۔ محکمہ جنگلات کے قبضہ شدہ اراضیات واگزار کرانے کے لئے قابضین کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں۔اگر محکمہ جنگلات کے ضلعی افسران اپنی زمہ داریوں میں غفلت کا مظاہرہ کریں تو مقدمات میں ان کو بھی فریق بنایا جائے۔انہوں نے سیلاب متاثرہ زمینداروں میں بیج تقسیم کرنے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے احکامات کی روشنی میں اس بات کو یقنی بنایا جارہا ہے کہ فراہم کردہ سرکاری بیج مستحق زمینداروں میں ہی تقسیم کیا جائے۔انہوں نے مہنگائی کنٹرول کرنے قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں سرکاری محکموں کے ضلعی افسران کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے