کوئٹہ: مچھ میں کان کنوں کے قتل کیخلاف دوسرے روز بھی دھرنا جاری

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مچھ میں کان کنوں کے قتل کے خلاف آج دوسرے روز بھی دھرنا جاری ہے۔مچھ میں کان کنوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف ہزارہ قبیلے کے افراد نے کوئٹہ میں گزشتہ روز دھرنا دیا تھا جو آج بھی جاری ہے جبکہ دوسرے روز بھی میتوں کی تدفین نہیں کی گئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی جان اور مال کی تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، واقعہ میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔دھرنے کے شرکا کا مطالبہ ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

کوئٹہ میں وحدت المسلمین بلوچستان کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر آغا رضا کا کہنا ہے کہ واقعہ میں شہید ہونے والے 11 کان کنوں کی میتیں کوئٹہ کے ہزارہ قبرستان میں لا کر رکھ دی گئی ہیں تاہم ابھی تک ورثا نے تدفین کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 11 مزدور جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے 11 کان کنوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حملہ بزدلانہ اور غیر انسانی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی تھی کہ قاتلوں کو پکڑنے اور کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ حکومت جاں بحق کان کنوں کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے