صوبائی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی گرانفروشی کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں،خیرمحمدفورمین

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ممتاز بزرگ مزدور رہنماء خیرمحمدفورمین نے اپنے ایک اخباری بیان کے ذریعے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجودہمارے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جارہی ہے اور آئی ایم ایف کے دباؤ پر ملک میں مہنگائی کا طوفان روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی گرانفروشی کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں اورصوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نرخ نامے محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گئے ہیں قیمتوں میں گرانفروشوں کے من مانے اضافے کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے اور اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ غریب عوام پیاز کے ساتھ روٹی کھانے کو بھی ترس رہے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنراوراسسٹنٹ کمشنر سمیت پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی اس حوالے سے صفر نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ افراط زر اور حالیہ مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے اور مراعات یافتہ طبقے سے ٹیکس وصول کرکے قومی وسائل میں اضافہ کیا جائے اس وقت امیروں، سرمایہ داروں، بڑے بڑے صنعتکاروں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگا نے کی بجائے غریب عوام اور ملازمین کو ٹیکس در ٹیکس کے بوجھ تلے دبادیا گیا ہے اور غریب عوام سے ٹیکس کی مد میں وصولیاں کرکے حکمران اپنی عیاشیوں اور سیر سپاٹوں پر خرچ کر کے غیرپیداواری اخراجات میں اضافہ کررہے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اشیاء خوردونوش اور اشیاء ضروریات کے نرخوں کی روزانہ کی بنیاد پر چھان بین کرکے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرزاور پرائس کنٹرول کمیٹیاں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکتے تو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں ورنہ ان کلیدی عہدوں پرمزید فائز رہنا محکمے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے