پاکستان تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے،سینیٹر سیف اللہ خان نیازی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عمران ٹائیگرز کے سربراہ و سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے عمران ٹائیگرز کو سابق وزیراعظم عمران خان کے ہر اول دستے کا کرداراداکرنا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو سعید اللہ خان کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے صدر نظرزدران کی قیادت میں ملاقات کرنے والے عمران ٹائیگر ز بلوچستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں ژوب ریجن کے کمانڈرنورکاکڑ، مجیب درانی اوردیگر شامل تھے۔سعید اللہ خان کاکڑ نے سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کو بلوچستان میں عمران ٹائیگرز کے حوالے سے بریفنگ دی۔سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ امپورٹڈ اور چورحکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور ملک کے دیوالیہ ہونے کے خطرات منڈلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں ملک کی معیشت ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کیا لیکن ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت مسلط کرکے ملک پر چوروں اورڈاکوں کو مسلط کیا گیا جن سے معیشت سنبھالی نہیں جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں تحریک انصاف نوجوانوں کوایک پلیٹ فارم پر منظم کرکے انکی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کارلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران ٹائیگرز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ہراول دستے کا کردارادا کرنا ہے انہیں چاہئے کہ وہ آنے والے عام انتخابات کی ابھی سے تیاریاں شروع کریں اورعمران ٹائیگر ز کی تربیت سازی کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے